مشتاق احمد نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیدیا

مشتاق احمد نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیدیا

لاہور (اے این این ) سابق لیگ سپنر مشتاق احمد نے بنگلہ دیش میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو دنیا کے بہترین اسپنرز کی خدمات حاصل ہیں اور بنگلہ دیش میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں اسپنرز کا کردار ہی فیصلہ کن ہوگا۔مشتاق احمد جو1992ء کا انگلینڈ کے خلاف تاریخی ورلڈ کپ فائنل جیتنے والی عمران خان کی پاکستانی ٹیم کے رکن تھے نے کہا کہ پاکستان کو بیٹنگ میں منصوبہ بندی بڑی ہوشیاری سے کرنا ہوگی کیونکہ فاسٹ باؤلرز پر ہونیوالی تنقید کے باوجود پاکستانی باؤلنگ اٹیک ایک سو چالیس سے پچاس رنز کا دفاع کرسکتا ہے۔ پاکستان کو ٹورنامنٹ کے گروپ ٹو میں جسے گروپ آف ڈیتھ قرار دیا جا رہا ہے، دفاعی چمپئن ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور بھارت جیسی صف اول کی ٹیموں کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ جیتنے کے کے لیے بڑی ٹیموں کو ہرانا ہی پڑتا ہے، ایشیا کپ کھیلنے کے بعد پاکستانی کرکٹرز کو ڈھاکہ کی پچ، باؤنڈری اور موسم سے مکمل ہم آہنگی ہو چکی ہے اور ابتدا میں پاکستان اگر بھارت اور آسٹریلیا جیسی ٹیموں کو ہرا دے تو کھلاڑیوں کے حوصلے اگلے میچوں کے لیے بلند ہوجائیں گے۔ پاکستانی ٹیم کو اپنے تمام میچ ڈھاکہ کے مضافات میں میر پور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلنا ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی