سٹیل فبر یکیٹرز کو سی ڈی اے متبادل پلاٹ الاٹ کرے‘ خالد چوہدری

سٹیل فبر یکیٹرز کو سی ڈی اے متبادل پلاٹ الاٹ کرے‘ خالد چوہدری

اسلام آباد (نیٹ نیوز) اسلام آباد سٹیل فبریکیٹر ز ایسوسی ایشن کے صدر اسلم ساگر اور جنرل سیکرٹری چوہدری عرفان کی قیات میں ایک بیس رکنی وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خالد چوہدری نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ سٹیل سے متعلقہ کاروبار تجاوزات کے بغیر ممکن ہی نہیں ہم شہر سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے سی ڈی اے سے تعاون کریں گے۔ اس سلسلے میں ان کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہیں کہ سی ڈی اے تمام سٹیل فبریکیٹرز کو شہر سے باہر شفٹ کرنے کیلئے متبادل پلاٹ الاٹ کرے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پندرہ برس قبل اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے سی ڈی اے سے تین سو سینتیس پلاٹ سٹیل، آٹواور ٹمبر کے کاروبار کیلئے محدود آکشن کے ذریعے الاٹ کرائے تھے اور سی ڈی اے نے وعدہ کیا تھا کہ باقی رہ جانے والی ورکشاپوں کو بھی پلاٹ الاٹ کئے جائیں گے لیکن ابھی تک وعدہ پورا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے شہر بھر میں تجاوزات میں اضافہ ہوا ہے۔خالد چوہدری نے مزید کہا کہ آئی ٹین تھری میں آٹو اور سٹیل مارکیٹ تعمیر کی گئی ہے جس میں صرف گراﺅنڈ فلور بنانے کی اجازت ہے اگر سی ڈی اے پہلی اور دوسری منزل بنانے کی اجازت دے تو نہ صرف سی ڈی اے کو خاطر خواہ ریونیو ملے گا بلکہ ورکشاپوں کے ملازمین کیلئے رہائش کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔اسلام آباد سٹیل فبریکیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اسلم ساگر اور جنرل سیکرٹری چوہدری عرفان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ایک جدید ترین شہر ہے لیکن دکانوں کے سائز کم ہونے کی وجہ سے ہم لوگ تجازوات کرنے پر مجبور ہیں لیکن سی ڈی اے کو چاہیے کہ وہ ہمارے مسائل حل کرے۔

مزید : کامرس