کولہے کی ہڈی میں فریکچر ‘محمد عرفان کا کیریئر خطرات سے دوچار

کولہے کی ہڈی میں فریکچر ‘محمد عرفان کا کیریئر خطرات سے دوچار

کراچی(اے این این )طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کا انٹرنیشنل کیریئر شدید خطرات سے دوچار ہے ٗ کولہے کے نچلے حصے میں ہونے والے فریکچر کے باعث انہیں کم از کم دو ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ فوری طور پر آپریشن سے گریز کیا جارہا ہے البتہ آخری آپشن کے طور پر انہیں آسٹریلیا بھیجا جائے گا جہاں انہیں آپریشن کے مرحلے سے گذرنا پڑ ے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل آسٹریلیا کے مشہور آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر ینگ سے رابطے میں ہے اور ان کی مشاورت سے عرفان کا علاج کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مطابق 31 سالہ محمد عرفان کی تمام میڈیکل رپورٹس ڈاکٹر ینگ کو بھیجی گئی ہیں۔ فوری طور پر انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہیں ٹریننگ کی بھی اجازت نہیں ہے۔ تاہم دو ماہ بعد عرفان کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔ محمد عرفان کی ہڈیاں عام لوگوں سے زیادہ بڑی ہیں اس لئے انہیں ٹھیک ہونے میں بھی وقت درکار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ینگ شعیب اختر، عمر گل سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں کے کامیاب آپریشن کر چکے ہیں۔ عرفان اپنے آبائی شہر میں رہ رہے ہیں تاہم اکثر وہ معائنے کے لئے لاہور میں قومی اکیڈمی میں آتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر انہیں فٹ کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سیچار ٹیسٹ،27ون ڈے انٹرنیشنل اور سات ٹی 20 کھیل چکے ہیں۔15 نومبر کو دبئی میں جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے انٹر نیشنل کھیلتے ہوئے وہ ان فٹ ہوئے تھے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی