پنجاب یوتھ فیسٹیول ،سکیلڈ برج کا مقابلہ یونیورسٹی آف لاہور نے جیت لیا
لاہور ( این این آئی) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سلسلے میں ہونے والا " سکیلڈ برج "مقابلہ یونیورسٹی آف لاہور نے جیت لیا۔پنجاب سٹیڈیم کے جمنیزیم ہال میں ہونے والے مقابلے کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور تھے ۔ مقابلے میں لاہور بھر کی یو نیورسٹی کے 300 سے زائد طلبہ نے شرکت کی جنہوں نے برطانیہ کے لندن ٹاور برج، آسٹریلیا کے سڈنی ہاربر ،چیک ریپلک کے چارلس برج اورامریکہ کے گولڈ ن گیٹ برج کے خوبصورت اورمضبوط پلوں کے ماڈلز تیار کرکے سب کو حیران کردیا۔پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سلسلے میں ہونے والے اس پروگرام کا مقصد آرکیٹیکچر سے وابستہ طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔مقابلے کے دوران طلبہ میں خاصا جوش وخروش دیکھنے کو ملا ۔حتمی مراحل کے دوران مختلف یو نیورسٹیز سے تعلق رکھنے والے آرکیٹیکچر ماہرین نے طلبہ کو معاونت فراہم کی اور ماڈل میں موجود خامیوں کو دور کرنے میں مدد بھی فراہم کی۔مقررہ وقت کے اختتام پر بننے والے ان ماڈلز کی جانچ کی گئی جس کے دوران پلوں کے ڈیزائن ،میٹریل،وزن اٹھانے کی طاقت اور پائیداری کو چیک کیا گیا۔شاداب ریاض ،عامر رضا اور فرخ بٹ پر مشتمل ججزکمیٹی کے فیصلے کے مطابق کم مالیت کا اچھوتاڈیزائن تیار کرنے پر یو نیورسٹی آف لاہور کے طالب علم محمد جاوید نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے عبدالحنان نے دوسری جبکہ یونیورسٹی آف لاہور ہی کے محمد عظیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ مقابلے کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہا ۔اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول ملک بھر کے نوجوانوں کو اپنے ہنر دکھانے کا موقع فراہم کر رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے مقابلے نے ثابت کردیا ہے کہ ہمارے ملک کے نوجوان کسی سے کم نہیں اورسکیلڈ برج کا مقابلہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ایسے ہنرمند طلبہ کی ملک کو اشد ضرورت ہے۔برج ڈیزائننگ مقابلے میں شرکت کرنیوالے طلبہ نے کہاکہ اس ایونٹ سے نہ صرف ان کی صلاحیت منظرعام پر آئی ہیں بلکہ اس سے بڑے پراجیکٹ پر کام کرنے کیلئے تجربہ بھی حاصل ہوا۔