بہاولنگر ملک بھر میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے والا ضلع بن گیا

بہاولنگر ملک بھر میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے والا ضلع بن گیا

کراچی(اکنامک رپورٹر) ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب کا ضلع بہاولنگر ملک بھر میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے والا ضلع بن گیا ۔ پی سی جی اے کی جانب سے جاری ہونے والے پیداواری اعداد و شمار کے مطابق ضلع بہاولنگر کی جیننگ فیکٹریوں میں 14 لاکھ 6 ہزار 700 بیلز کے برابر پھٹی جیننگ فیکٹریوں میں پہنچی ہے جو ملک کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چار پانچ سال کے دوران سندھ کے ضلع سانگھڑ کو جبکہ اس سے قبل پنجاب کے ضلع رحیم یارخان کو ملک بھر میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ضلع بہاولنگر میں پچھلے ایک دو سالوں کے دوران فروری ‘مارچ میں کپاس کاشت کرنے کے رجحان میں ریکارڈ اضافہ سامنے آرہا ہے۔ جس کے باعث اسے اب پاکستان میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے جبکہ ضلع رحیم یارخان میں شوگر ملز کے قیام اور شوگر ملز کی پیداوار صلاحیت بڑھنے کے باعث رحیم یارخان میں کپاس کی کاشت پہلے کے مقابلے میں تقریباً25 فیصد کم ہونے کے باعث رحیم یارخان میں کپاس کی پیداوار پہلے کے مقابلے میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔

مزید : کامرس