چوری کی شکایت۔۔۔لینے کے دینے پڑ گئے
نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی پولیس نے چور کی داڑھی میں تنکا تلاش کرلیا۔ ایک خبر کے مطابق ایک 35 سالہ خاتون کرسی سولیس نے پولیس کو فون کرکے رپورٹ درج کرائی کہ والر نامی ایک خاتون نے اس کے گھر سے 140 ڈالر چوری کرلئے ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کی دوست والر اس سے ملنے آئی اور وہ واش روم گئی تھی کہ والر جاتے ہوئے کچن ٹیبل سے رقم اٹھاکرلے گئی۔ پولیس نے ریکارڈ چیک کیا تو معلوم ہوا کہ چور خاتون کئی مقدمات میں مطلوب ہے۔ پھر درخواست کنندہ کا موبائل چیک کیا تو معلوم ہوا کہ اس نے والر کو نشہ آور ادویات کی فراہمی کے لئے رقم دی تھی لیکن وہ رقم لے کر غائب ہوگئی۔ ملزمہ نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ اس نے خاتون سے رقم لی لیکن یہ رقم منشیات کے لئے دی گئی تھیں جو اس نے فراہم نہ کیں ،اب دونوں خواتین حوالات میں قید ہیں۔ مس سولیس کو 140 ڈالر کی شکایت لگانا اس طرح بے حد مہنگا پڑا کہ اب اسے اپنی ضمانت کے لئے 6 ہزار ڈالر جمع کرانے پڑیں گے۔