مقبوضہ کشمیرکے وزیر خزانہ کے قافلے پر لوگوں کا کانگڑیوں سے حملہ
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرکے ضلع بڈگام میں لوگوںنے کٹھ پتلی وزیر خزانہ عبدالرحیم راتھر پر حملہ کرتے ہوئے انکے قافلے پر کانگڑیاں پھینکی جس پر انکی حفاظت پر مامور سیکورٹی گارڈ ز نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عینی شاہدین نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارت نواز نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈر عبدالرحیم راتھر چرار شریف سے سرینگر کی طرف جارہے تھے اور لوگوںنے ان کے قافلے کو چینی محلہ وٹکالومیں روک کر ان پر کانگڑیوں سے حملہ کر دیا۔ مشتعل لوگوں نے کٹھ پتلی وزیر کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے۔ راتھر کے سیکورٹی گارڈ ز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے لوگوںنے افراتفری پھیل گئی۔