جموں و کشمیر مسلم لیگ کی طرف سے شہید کشمیری طالب علم کو خراجِ عقیدت
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں مسلم لیگ جموںو کشمیر نے شہید کشمیری طالب علم فرحت احمد ڈار کو سونا واری کے علاقے شاہ گنڈ میں ایک تعزیتی اجلاس میں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تعزیتی اجلاس کی صدارت اسد اللہ پرے نے کی جبکہ اجلاس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اجلاس سے حریت رہنماءغلام نبی سمجھی اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے بھی ٹیلی فون پر خطاب کیا ۔ مقررین نے اس موقع پر جدوجہد آزادی کشمیر کو ا سکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ اس موقع پر شہید نوجوان کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی اور سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کیا گیا ۔دریں اثناءمسلم لیگ کے ترجمان محمد رفیق گنائی نے فرحت احمد ڈار کے قتل کے بعد حاجن میں پولیس اہلکاروں کی طرف سے نہتے عوام پر بدترین ظلم وتشدد کی شدید مذمت کی ہے۔