موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد کی اشد ضرورت ہے،علامہ زبیر ظہیر

موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد کی اشد ضرورت ہے،علامہ زبیر ظہیر

لاہور(سپیشل رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سینئر نائب امیر و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ زبیر احمد ظہیر نے جمعہ کے روز ملک بھر میں ”یوم اتحاد و یکجہتی “ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو آج دہشت گردی سمیت تمام سنگین چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اتحاد کی ضرورت ہے ‘وقت آ چکا ہے کہ ہم فرقہ بازی میں پڑنے اور ذاتی مفادات کے بجائے قومی مفادات کو ترجیح دیں اور قرآن و سنت پر عمل کرتے ہوئے ملک اور قوم کےلئے سب ایک ہو جائیں‘پوری قوم ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کےلئے حکومتی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے اپنے دفتر میں میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہاکہ جمعہ کے روز مساجد میں نماز جمعہ کے خطبے کے دوران اتحاد و یکجہتی کا درس دیا جائے گا ۔جبکہ لاہور میں یوم اتحاد و یکجہتی کے موقع پر خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کریںگے ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جب تک ہم متحد نہیں ہوتے اس وقت تک ہم ملک کو بحرانوں سے نجات دلانا اور ملک کو حقیقی امن کا گہوارہ بنانا ممکن نہیں جب ہم سب متحد ہو جائینگے تو پھر دہشت گردی اور ملک دشمن قوتیں اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکیںگی ہم تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ذاتی مفادات بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفادات کےلئے پالیسی اختیار کریں اور حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ ملک کی مضبوطی سے ہی ہم سب مضبوط ہوںگے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1