عدالتوں میں سیکیورٹی حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں افسران کی شرکت

عدالتوں میں سیکیورٹی حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں افسران کی شرکت

لاہور (نامہ نگار خصوصی )شہر کی تمام عدالتوں میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت جسٹس منظور احمد ملک نے کی، اجلاس میں سی سی پی او لاہور چودھری شفیق احمد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رانا عبدالجبار، ایڈیشنل آئی جی آفتاب چیمہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ میاں جاوید ، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سردار احمد نعیم اور حساس اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شہر کی تمام عدالتوں بالخصوص لاہور ہائیکورٹ کی فول پروف سکیورٹی سے متعلق امور زیر بحث آئے ، پولیس کی طرف سے اجلاس میں بتایا گیا کہ ماتحت عدالتیں شہر میں مختلف علاقوں میں پھیلی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے عدالتوں کی سکیورٹی کیلئے ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے میں مشکلات سامنے آ رہی ہیں۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شہر کی تمام عدالتوں بالخصوص ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ بلڈنگ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر اضافی نفری بھی تعینات کی جائیگی جبکہ اس حوالے فنڈز کے ممکنہ مسئلے کو بھی پنجاب حکومت کے ساتھ مل کرحل کیا جائے گا، اجلاس میں ہائیکورٹ کی عمارت کے تما م داخلی راستوں اور دیگر مقامات پر سکیورٹی انتظامات مزید بہتر کرنے پر بھی بات کی گئی، اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ عدالتوں میں ججز، وکلاءاور سائلین کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے عدلیہ، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے ادارے ایک دوسرے سے ہر طرح کا تعاون کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر