ریٹائرڈ افسر کی پنشن دوسرے شہرمنتقل ،ہائیکورٹ کا سخت نوٹس

ریٹائرڈ افسر کی پنشن دوسرے شہرمنتقل ،ہائیکورٹ کا سخت نوٹس

لاہور (نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ایس ایس پی کی پنشن لاہور سے ڈیرہ غازی خان منتقل کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کو حکم دیا ہے کہ 10دن کے اندر اندردرخواست گزار کی پنشن واپس لاہور منتقل کی جائے ورنہ حکام کارروائی کیلئے تیار رہیں، جسٹس شہزادہ مظہر نے ریٹائرڈایس ایس پی ولایت شاہ کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے ایڈووکیٹ عابد ساقی نے عدالت کو بتایا کہ ولایت شاہ کو محکمہ پولیس کے بااثر افسران انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہے ہیں، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار2009ءمیں لاہور میں تعینات تھے اور محکمہ پولیس کے کرپٹ افسران کیخلاف آواز اٹھانے پر انہیں معطل کر دیا گیا، اسی دوران درخواست گزار محکمہ سے ریٹائر ہو گئے اور انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے ان کی پنشن اور دیگر مراعات کو لاہور کے سرکاری اکاﺅنٹ سے ڈی جی خان منتقل کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے پنشن منتقلی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کو حکم دیا کہ 10دن کے اندر اندردرخواست گزار کی پنشن واپس لاہور منتقل کی جائے ورنہ اعلیٰ حکام کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔

پنشن منتقلی

مزید : صفحہ آخر