بجلی چوری کیخلاف آ پریشن جاری رہیگا،کسی چور کو نہیں بخشیں گے،عابد شیر

بجلی چوری کیخلاف آ پریشن جاری رہیگا،کسی چور کو نہیں بخشیں گے،عابد شیر

لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ گرمیوں میں18گھنٹے کی بجائے6سے8گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو گی۔ گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی چوری کے خلاف آ پریشن جاری رہے گا اور کسی بجلی چور کو نہیں بخشا جائے گا چاہے وہ کسی پارٹی یااہم علاقے سے تعلق کیوں نہ رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا ہے کہ بجلی چوری مہم کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیں گے اور بجلی چوروں کے بل ایماندار صارفین کو نہیں دینے دیں گے اور جہاں بجلی چوری ہو گی ان کے فیڈرز کو بند کر دیا جائے گا یا پھر ایسے علاقوں میں زیادہ لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے دیامیر ، نندی پور سمیت دوسرے منصوبوں کو جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ ان سے حاصل ہونے والی بجلی کو نیشنل گریڈ میں شامل کر کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کی جا سکے۔انہوں نے کہا ہے کہ جن علاقوں میں بجلی چوری بڑھ رہی ہے وہاں بجلی کی سپلائی معطل کر دی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے تاکہ بجلی چوری پر قابوں پایا جا سکے۔ان کا کہنا ہے کہ بعض بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیاں اپنے نقصانات پورے کرنے کے لیے دیانتدار صارفین پر بجلی کے اضافہ بل ڈال دیتے ہیں اور اس حوالے سے کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افسروں کی نشاندھی کے لیے خفیہ انکوائری کرائی جا رہی ہے جو صارفین پر اضافی بل ڈالتے ہیں اور جیسے ہی انکوائری مکمل ہو گی افسرو ں اور اہلکاروں کے خلاف تیزی سے کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی کے بل کا رواج نہیں اور اب ایسے کلچر کو ختم کیا جا رہا ہے تاکہ جو جتنی بجلی استعمال کرے وہ اتنا بل بھی ادا کرے۔

عابد شیر

مزید : صفحہ آخر