ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری ،موسم خوشگوار ہو گیا
لاہور/منگورہ/اسلام آباد (آئی این پی)ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا،لاہور سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں دھوپ نکل آئی، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات پر بند ہونے سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، سوات میں چھت گرنے سے ماں اور دو بچے جاں بحق ہو گئے،محکمہ موسمیات نے آئندہ تین سے چار روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔منگل کو لاہور ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، اسلام آباد ، سرگودھا ، فیصل آباد ، استور ، بالاکوٹ ، مالم جبہ ، پارا چنار، مظفر آباد اور دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے تیز ہواو¿ں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوتی رہی۔لاہور میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے جل تھل ہو گیا۔ تاہم آسمان صاف ہو گیا اور تیز دھوپ نکل آئی۔سوات میں شدید بارش کے بعد کالام میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔برفاتی تودہ گرنے سے وادی کیلاش اور بمبوریت روڈ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 97 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔کالام 35 ، مظفر آباد30 ، لوئر دیر 42، راولپنڈی 20، اسلام آباد 17 اور لاہور میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔مانسہرہ میں داسو اور ہربن کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند ہو گئی جس سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ادھر چترال اور گردونواح میں چار روز بعد بارش کا سلسلہ تھم گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گرم چشمہ ، بونی ، بمبو ریت ، تورکوہ اور لواری ٹنل روڈ بند ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین سے چار روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے
بارش