لائیوسٹاک سیکٹر کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے خصوصی مراعات دینگے، ممتاز منیس
لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی (پیمکو) کے چیئرمین ممتاز خان منیس نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے لائیوسٹاک سیکٹر کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری، نائب صدر کاشف انور، سابق صدور میاں انجم نثار، میاں شفقت علی، محمد علی میاں، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین طلحہ طیب بٹ، چودھری محمد اسلم اور محمد اکرم نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ چیئرمین پامکو نے کہا کہ کسانوں اور سپلائی چین سے وابستہ لوگوں کی کپیسٹی بلڈنگ کے ذریعے لائیوسٹاک سیکٹر کی ایکسپورٹ پوٹینشل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت پالیسیاں وضع کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر کو فروغ دیکر برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پبلک و پرائیویٹ سیکٹرز اور لائیوسٹاک کے شعبے میں کام کرنے والے لوگوں کے درمیان روابط کا فقدان ایک بڑا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹ پوٹینشل سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا حالانکہ ملک دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے۔ ڈیری اور متعلقہ سیکٹرز میں ویلیو ایڈیشن سے نہ صرف مقامی ضروریات بخوبی پورا ہوسکتی ہیں بلکہ انہیں عالمی منڈی میں برآمد کرکے بھاری زرمبادلہ بھی کمایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افزائش نسل کے لیے روایتی طریقوں پر انحصار، کمزور فارم مینجمنٹ اور پیداوار میں اضافے میں عدم دلچسپی جیسے مسائل لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔ ماضی میں یہ مسائل ختم کرنے کے لیے اقدامات کا فقدان رہا جس کی وجہ سے اس شعبے کی نشوونما متاثر ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں بھی پاکستان کا لائیوسٹاک روایتی اور فرسودہ طریقوں پر عمل پیرا ہے۔ سٹیٹ آف دی آرٹ پروڈکشن اور اس شعبے کو برآمدات کے حوالے سے اہم بنانے کی رفتار بہت سست ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوشت فروخت کرنے والوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ پراسیسنگ/سیلنگ پلانٹس کا دورہ کرایا جائے اور عوام میں معیار اور جراثیم سے پاک گوشت کے استعمال کا رحجان بڑھانے کے لیے مہم چلائی جائے۔
ممتاز منیس