بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسٰی 40سال بعد 3روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسٰی 40سال بعد 3روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ ...

                                                      اسلام آباد(اے این این)بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ 40سال بعدپاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پراسلام آبادپہنچ گئے، وزیراعظم نوازشریف نے ائیرپورٹ پرخود استقبال کیا، وفاقی کابینہ کے اراکین، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور تین مسلح افواج کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو شاہ بحرین شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ جب تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تو نور خان ایئربیس پر وزیراعظم نوازشریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا ، اس موقع پر وفاقی کابینہ کے اراکین سمیت وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور تین مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے ،ایئربیس پر شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی ، شاہ بحرین نے گارڈ آف آنر کامعائنہ کیا ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے ، سکول کے بچوں نے شاہ بحرین کو گلدستے پیش کئے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا بحرین کے وفد اور شیخ حمد بن عیسیٰ کا پاکستانی وفد اور مسلح افواج کے سربراہان سے تعارف کرایا گیا ۔شاہ بحرین کے ہمراہ بحرین کے تاجروں کا بھی ایک وفد پاکستان آیا ہے ۔گزشتہ چالیس برسوں کے دوران بحرین کے کسی بادشاہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ پاکستان میں قیام کے دوران وزیراعظم نوازشریف ، صدر ممنون حسین ، آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

مزید : صفحہ اول