چودھری شجاعت سے حافظ سعیداور عبد الرحمن مکی کی انکی رہائش گاہ پر ملاقات

چودھری شجاعت سے حافظ سعیداور عبد الرحمن مکی کی انکی رہائش گاہ پر ملاقات

لاہور (جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے جماعت الدعوۃ پاکستان کے امیر حافظ سعید احمد، عبد الرحمن مکی، یحییٰ مجاہد، خالد ولید اور محمد خالد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ حافظ سعید احمد نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید کے ساتھ ’’بنگلہ دیش نامنظور تحریک‘‘ میں ہم نے مل کر اکٹھے کام کیا ہے۔ چودھری خاندان کی اسلام اور پاکستان کیلئے بہت خدمات ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، آپ بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، آپ نے پاسپورٹ میں مذہب کا خانہ رکھ کر مذہب سے محبت کا ثبوت دیا، مشرف دور میں ابتدائی جماعتوں کی نصابی کتابوں میں اسلامی تاریخ میں ردوبدل کی کوششیں کی گئیں تو آپ کی مداخلت سے یہ کوشش ناکام ہوئی۔ انہوں میں ملاقات میں باور کروایا کہ ہماری جماعت کا اصل مقصد نظریہ پاکستان کی پاسداری اور اسے اجاگر کرنا ہے، آنے والی نسلوں کو پاکستان کی اہمیت کا احساس دلانا ہے کہ نظریہ پاکستان ہمارے لیے کتنا اہم ہے، اسلام کی سربلندی کیلئے ہم جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے دور حکومت میں دینی مدرسوں کو جتنی خودمختاری ملی اس سے پہلے کبھی نہیں ملی۔ چودھری پرویزالٰہی کی بھی بطور وزیراعلیٰ نظریہ پاکستان کے دفاع کیلئے بہت خدمات ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہماری پارٹی کی پاکستان کیلئے بہت خدمات ہیں ہماری پارٹی کا نظریہ ہی اسلامی ہے اس وقت ہماری قوم کے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہیں آنے والی نسلیں چکا چوند روشنی سے تو آگاہ ہوں گی مگر قائداعظم کے نظریات کا شاید علم نہ ہو ان کے ہمارے اوپر کیا احسانات ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ہمیشہ نظریہ پاکستان کے فروغ کیلئے سرگرم عمل رہی ہے قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں پاکستان مسلم لیگ متحرک ہے

مزید : صفحہ آخر