کراچی لیاری میں رینجرز کی کاروائی 3مبینہ دہشت گرد ہلاک
کراچی(آن لائن)کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 3مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ جبکہ اورنگی ٹاون میں عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اہل سنت کے رہنماوں کے گھروں کے باہر دستی اور کریکر بموں سے حملے کئے گئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق نیا آباد میں کالعدم تنظیم کے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3ملزم ہلاک ہوگئے۔ ملزمان کی شناخت افضل بلوچ عرف غوث پاک، ہنزلہ عرف جلیل اور عرفان عرف فوجی کے ناموں سے ہوئی۔ ملزم افضل بلوچ کے سر کی قیمت 15 لاکھ روپے تھی۔ ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، دستی بم، ایس ایم جیز اور پستولیں بھی برآمد ہوئیں۔ادھرکراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اہل سنت کے رہنماوں کے گھروں کے باہر دستی اور کریکر بموں سے حملے کئے گئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاون مسلم آباد میں جماعت اہل سنت کے رہنما مفتی احمد علی شاہ کے گھر کے باہر کریکر دھماکہ ہوا، دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، نجی ٹی وی سے گفتگو میں مفتی احمد علی شاہ نے کہا کہ نامعلوم شخص نے فون پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ دوسری جانب اورنگی ٹاون ہی کے علاقے قائد عوام کالونی میں اے این پی کے مقامی عہدیدار کے گھر کے باہر نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دستی بم پھٹ نہیں سکا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر دستی بم کو ناکارہ بنادیا۔
کراچی