پاک بھارت میچ ٗ پاکستانی شائقین کی 17ہزار ویزہ درخواستوں میں صرف6سو پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے کی منظور ی

پاک بھارت میچ ٗ پاکستانی شائقین کی 17ہزار ویزہ درخواستوں میں صرف6سو ...

  

کولکتہ (این این آئی)بھارت نے ورلڈٹی 20 میچزکیلئے پاکستانی کرکٹ شائقین کی طرف سے17ہزار ویزہ درخواستوں میں صرف6سو پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے کی منظور دی ہے۔بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق میچز دیکھنے 17ہزار پاکستانی شائقین کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان اس مسئلے پربڑھتی تلخی کے پیش نظر چھ سو پاکستانی شائقین کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ٗحکومت نے اس سلسلے میں سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صرف انہی افراد کو ویزے جاری کیے جائیں گے جو مطلوبہ شرائط پر پورا اتریں گے۔

بھارتی اخبار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حکام کے حوالے سے بتایا کہ بھارت ویزے جاری کرنے میں احتیاط سے کام لے رہا ہے کیونکہ 2008 کے ممبئی حملوں کی تحقیقات میں سامنے آیا تھا کہ دہشتگردوں نے میچز دیکھنے کیلئے ویزوں کا غلط استعمال کیا۔اخبار اکنامک ٹائمز‘ کے مطابق سید ذبیح الدین انصاری عرف ابو جندال کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ 2008 کے حملوں میں مطلوب ساجد میر اور میجر عبدالرحمان 2005 میں پاک بھارت کرکٹ سیریز دیکھنے کیلئے ویزے پر آئے اس کے بعد انہوں نے اسی ویزے پر بھارت کا دو بار دورہ کیا۔حکام کے مطابق بھارت کے ویزے کیلئے درخواست گزار کو اپنے میچ کا خریدا گیا ٹکٹ ٗہوٹل بکنگ ٗرہائشی پتے کا ثبوت ٗپولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جو ایک سال پرانا نہ ہو، پیش کرنا ہوں گے۔بھارت نے دہلی ٗممبئی ٗ چنائی وغیرہ کے ساتھ کولکتہ کو بھی پورٹ آف اینٹری قرار دیدیا ہے یعنی صرف انہی شہروں سے پاکستانیوں کی آمد اور روانگی ممکن ہوسکے گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -