ترقیاتی کام، اور احتجاج، شہر بھر میں ٹریفک جام عوام سڑکوں پر خوار
لاہور ( اقبال بھٹی )صوبائی دارالحکومت میں احتجاج اور ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ٹریفک کا بہت براحال رہا جس کی وجہ سے مال روڈ ،لوئر مال ر وڈ، ہال روڈ ،فیروز پور روڈ ،کینال روڈاور انارکلی جین مندر چوک میں سارا دن ٹریفک بلاک رہی جس کی وجہ سے شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے تفصیلات کے مطابق شہر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اورجمعہ کے بعد ہونے والے احتجاجوں کی وجہ سے شہر بھر کی ٹریفک بلاک رہی اور شہریوں کے لئے وبال جان بنی رہی۔ شہریو ں نے روز نامہ پاکستان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جین مندر چوک میں کھڑے ڈیڑھ گھنٹہ ہو گیا ہے۔ ایک اور شہری کاکہنا تھا کہ ہمیں چار بجے قصور پہنچنا تھا مگر چار ادھر ہی ہوگئے ہیں۔ کینال روڈ پر بھی ٹریفک کئی گھنٹے بلاک رہی اور شہری پریشان اور خوار ہوتے رہے۔اس حوالے سے ایک وارڈن سے بات کی گئی جس پر اس نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی وجہ سے سارا شہر بند ہے صرف چند سڑکیں ٹریفک کے لئے کھلی ہیں جن میں سے آدھی سڑکیں تو احتجاج کرنے والوں نے روک رکھی ہیں جب پورے شہر کی ٹریفک کا لوڈ صرف چند سڑکوں پر آجائے گا تو پھر ٹریفک تو بلاک ہوگی یاد رہے کہ شہر میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کی وجہ سے جی ٹی روڈ واڑاں گجراں سے لے کر ٹھوکر نیاز بیگ رائے ونڈ روڈ تک ترقیاتی کام ہورہا ہے جو کہ جی ٹی روڈ براستہ شالیمار باغ باغبانپورہ انجینئرنگ یونیورسٹی کوآپ سٹور ریلوے اسٹیشن میکلوڈروڈ انارکلی جین مندر چوک، چوبرجی، موڑ سمن آباد، یتیم خانہ، سکیم موڑ ملتان روڈ سے ٹھوکر نیاز بیگ علی ٹاؤن رائے ونڈ روڈ تک برائے نام ٹریفک چل رہی ہے جس کی وجہ سے باقی ماندہ سڑکوں پر ٹریفک کا بوجھ زیادہ ہے جس کی وجہ سے شہری پریشان خوار ہورہے ہیں