لیڈی ایچی سن ہسپتال میں چھاتی کے کینسر کا مرکز قائم کیا جائیگا پی سی ون منظور کرلیا گیا

لیڈی ایچی سن ہسپتال میں چھاتی کے کینسر کا مرکز قائم کیا جائیگا پی سی ون منظور ...

  

 لاہور (جاوید اقبال) لیڈی ایچی سن ہسپتال میں خواتین کے برسٹ کینسر کی تشخیص اور علاج معالجہ کے لئے برسٹ کینسر تشخیصی مرکز کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے جس کے لئے20کروڑ روپے کے فنڈز بھی منظور کئے گئے ہیں جس سے کینسر کی تشخیص کی جدید مشینری لگائی جا رہی ہے یہ شعبہ خواتین میں بریسٹ کینسر کی شخیص کی پہلی سطح پر تشخیص کرے گا۔دوسری طرف ہسپتال میں علاج معالجہ میں اعلیٰ کارکردگی کی بنا پر مریضوں کی آمد میں300گنا اضافہ ہو گیا ہے، اضافے کے باعث مریضوں کے لئے بیڈ کم پڑ گئے جس کے ’’توڑ‘‘ کے لئے ہر وارڈ کے اند درجنوں اضافی بیڈ لگائے گئے ہیں اس کا انکشاف ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے محکمہ صحت کو2015-16ء کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے۔ رپورٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثمینہ جعفر کی طرف سے پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہیلتھ پالیسی کے مطابق لاہور میں لیڈی ایچی سن واحد ہسپتال ہے جہاں اِن ڈور اور آؤٹ ڈور ہیں۔ موجودہ بجٹ میں رہتے ہوئے100فیصد ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، ٹیسٹ بھی فری ہیں جس کے باعث ہسپتال میں مریضوں کی آمد میں 300 گنا زائد اضافہ ہو گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ2015ء کے دوران آؤٹ ڈور میں ایک لاکھ60ہزار953مریض دیکھے گئے جبکہ 2016ء کے پہلے اڑھائی ماہ کے دوران 40 ہزار 354 مریض آئے جنہیں مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔2015ء کے دوران18070 خواتین کی زچگی بذریعہ سی سیکشن کی گئی جو کہ گزشتہ سال کی نسبت تھری ٹائم اضافہ ریکاڈ ہوا ہے۔ ایمرجنسی میں 55 ہزار 500خواتین مریضوں کو مفت خدمات فراہم کی گئیں۔ لیبر روم میں 28047 خواتین کے ہاں زچگی ہوئی ،32 ہزار 519 خواتین کہ آپریشن کئے گئے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں300گنا اضافہ ہے۔ دریں اثناء لیڈی ایچی سن ہسپتال میں برسٹ کینسر کی تشخیص کا مرکز قائم کرایا گیا ہے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہسپتال کے اندر گزشتہ پانچ برسوں سے بند ساڑھے چار کروڑ روپے مالیت سے خریدی گئی لانڈری کی مشینری نصب کرا دی گئی ہے جس سے ہسپتال کو جدید لانڈری کی سہولت میسر آ گئی ہے، اس حوالے سے ہسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر ثمینہ جعفر سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ لیڈی ایچی سن ہسپتال کو صرف تین سال میں شہر کا ایک جدید اور بہترین مرکز صحت بنا دیا گیا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -