چلڈرن ہسپتال میں 11واں عالمی سمپوزیم شروع،سلمان رفیق نے افتتاح کیا

چلڈرن ہسپتال میں 11واں عالمی سمپوزیم شروع،سلمان رفیق نے افتتاح کیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر ) چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ لاہور کا گیارواں سالانہ انٹرنیشنل سمپوزیم شروع ہو گیا ۔مشیر وزیر اعلی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے افتتاح کیا دو روزہ سیمپوزیم میں پاکستان کے علاوہ برطانیہ اور بھارت سے طبی ماہرین شرکت کر رہے ہیں ۔افتتاحی تقریب میں چلڈرن ہسپتال کے ڈین پر وفیسر مسعود صادق،میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر احسن وحید راٹھور ،پروفیسر شائستہ مقبول،مختلف میڈیکل کالجز کے پرنسپلز ،ریٹائرڈ پروفیسروں ،ڈاکٹروں اور نرسوں نے شرکت کی ۔پروفیسر مسعود صادق نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور ،بچوں کے جملہ امراض کی تشخیص ،علاج کی سہولیات ایک چھت کے نیچے فراہم کرنے والا واحد ہسپتال ہے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بچے اپنے حقوق اور مسائل کے لئے آواز بلند نہیں کرسکتے لہذا ان کے حقوق کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ماں بچے کی صحت کی سہولیات اور بیماریوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ایک ایک چلڈرن ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے