وزیر اعلیٰ نے جنرل ہسپتال میں نرسوں کی 1373آسامیوں کی منظوری دے دی

وزیر اعلیٰ نے جنرل ہسپتال میں نرسوں کی 1373آسامیوں کی منظوری دے دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کا لج پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں چارج نرسوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے 1373نئی اسامیوں کی منظوری دے دی جس کا براہ راست اثر مریضوں اور ان کے لواحقین پر مرتب ہو گا اور صوبے میں نرسوں کی بے روزگاری کی شرح میں بھی نمایاں کمی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نرسنگ سٹاف کے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر پرنسپل سکول آف نرسنگ رئیسہ اشتیاق ، اے ایم ایس ڈاکٹر شبنم گلزار ، ڈی سی این فرحت محبوب ، نرسنگ سپریٹنڈنٹ رضیہ بانو اور انتظامی ڈاکٹروں سمیت نرسوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں صحت کے شعبے کو اولین ترجیح حاصل ہے اور اس بات میں کو ئی شک نہیں کہ وزیر اعلی کی ذاتی دلچسپی کی بدولت آج ایل جی ایچ کا ہر شعبہ اپ گریڈ ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں ان میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چارج نرسوں کی اسامیوں کی منظوری ہو یا کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کے ریگولر کرنے کا معاملہ یا ہسپتال میں ترقیاتی کام ہوں ، سب کے لئے حکومت نے ہمیشہ ضروریات کو مد نظر رکھتے ہو ئے نہ صرف بر وقت فیصلے کئے اور خطیر فنڈز فراہم کئے جس کا تمام کریڈٹ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کو جا تا ہے ۔