قرارداد لاہور کے باعث مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا،رفیق تارڑ

قرارداد لاہور کے باعث مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا،رفیق تارڑ

  

لاہور(جنرل رپورٹر) قراردادا لاہور کی منظوری کے طفیل مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا۔ ہمیں اپنے فکروعمل کو قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے فکروعمل سے ہم آہنگ بنانا ہو گاان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری ’’تقریبات یوم پاکستان‘‘ کے سلسلے میں خصوصی لیکچر بعنوان ’’ قرارداد لاہور 23مارچ 1940ء ،ہم سے کیا تقاضا کرتی ہے ؟‘‘ کے دوران اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کلیدی مقرر چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ ا ور وفاقی شرعی عدالت کے ریٹائرڈ چیف جسٹس میاں محبوب احمد ،وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل عابد شیروانی، مولانا محمد شفیع جوش، بیگم صفیہ اسحاق، رحمت اللہ جاوید، اساتذۂ کرام ، طلبا و طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ا س پروگرام کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے کیا ۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ 23مارچ تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم اس مملکت خداداد کو بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری و فلاحی مملکت بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری نئی نسل اس وطن عزیز کو قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے وژن کے مطابق بنتے ہوئے ضرور دیکھے گی۔انہوں نے کہا ہمارا ایٹمی پروگرام مخالف سے بہت بہتر ہے اور وہ اس سے خوفزدہ ہے۔ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد نے کلیدی خطاب میں کہا کہ 23مارچ1940ء مسلم لیگ، پاکستان اور مسلمانان برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے۔اس دن قائداعظمؒ کی قیادت میں مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں لاکھوں مسلمان شریک ہوئے اور اسی اجلاس میں الگ وطن کے قیام کی قرارداد منظور ہوئی۔1941ء میں اس قرارداد کو مسلم لیگ کے آئین کا حصہ بنا دیا گیا اور اس کی بنیاد پر سات سال بعد 14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔ قرارداد لاہور ہماری اساس ہے ۔ آل انڈیا مسلم لیگ کایہ سالانہ اجلاس 22 سے 24 مارچ 1940 کو منٹو پارک میں منعقد ہوا جسے آج کل اقبال پارک کہا جاتا ہے۔قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اجلاس کی صدارت کی جس میں نواب سر شاہ نواز ممدوٹ نے استقبالیہ خطبہ دیا اور مولوی اے کے فضل الحق نے تاریخ ساز قرارداد لاہور پیش کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -