کرنسی سمگلنگ کیس،خاتون کوپانچ سال قید اور13 کروڑ جرمانہ کی سزا
لاہور(سپیشل رپورٹر)سپیشل جج کسٹم امیرمحمد خان نے پاکستانی کرنسی دبئی سمگل کرنے کے الزام میں ملوث ملزمہ راحت شہزادی کو جرم ثابت ہونے پرپانچ سال قید اور13 کروڑ روپے جرمانے کی سزاسنا دی۔سپیشل جج کسٹم امیر محمد خان کی عدالت میں کسٹم پولیس نے کینٹ سرکل کی رہائشی خاتون راحت شہزادی کے خلاف چودہ کروڑ روپے کی کرنسی دبئی سمگل کرنے کے الزام میں چالان پیش کیا تھا،یہ چالان عدالت میں ایک سال قبل پیش کیا گیا،عدالت میں کیس کی باقاعدگی سے سماعت ہوئی جس پر عدالت نے خاتون پر جرم ثابت ہونے پر پانچ سال قید اور تیرہ کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھاہے اگر ملزمہ جرمانے کی رقم ادا نہ کرے تو اسے مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ فیصلے کے بعد خاتون نے عدالت میں رونا شروع کردیا تاہم پولیس نے فیصلے کے بعد ملزمہ کو اپنی تحویل میں لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا۔
