کراچی ،رینجرز کی چوکی پر دستی بم حملہ ،2اہلکار زخمی ،چار ملزم گرفتار کر لئے :میجر جنرل بلا ل اکبر

کراچی ،رینجرز کی چوکی پر دستی بم حملہ ،2اہلکار زخمی ،چار ملزم گرفتار کر لئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں رینجرز چوکی پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں رینجرز کی چوکی پر نامعلوم افراد کی جانب سے کریکرپھینکا گیا جب اہلکار چوکی کے اندر موجود تھے، دستی بم پھٹنے کے نتیجے میں 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جبکہ چوکی کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے اہلکاروں میں حوالدار منظور اور سپاہی کلیم اللہ شامل ہیں جنہیں فوری طور پر انڈس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔واقعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ جبکہ کورنگی کراسنگ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ۔ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل عیسی نگری اور موتی محل میں بھی نامعلوم ملزمان نے رینجرز کی چوکیوں پر دستی بم پھینکے تھے تاہم حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

کراچی (سٹاف رپورٹر)ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کریکر حملوں میں ملوث چار ملزموں کو پکڑ لیا جبکہ حملے کرانے والوں کو بھی نہیں چھوڑیں گے،کورنگی کراسنگ رینجرز چوکی کے دورے کے دوران ڈی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے میڈیا کو واقعے کی ابتدائی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور رینجرز پر حملوں میں لیاری گینگ وار، کالعدم تنظیمیں اور لسانی و سیاسی جماعتیں ملوث ہوسکتی ہیں،۔ کورنگی کراسنگ میں واقع رینجرز چیک پوسٹ حملے میں منظور الدین، کلیم اللہ اور عبدالغفور نامی اہلکار ز زخمی ہوگئے، دھماکے کے باعث چوکی کی دیوار گر گئی جبکہ ایک موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ڈی جی رینجرز نیمزید بتایا کہ پولیس کے تعاون سے کریکر حملوں میں ملوث چار ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا اورفی الحال ان کی شناخت بتانا ٹھیک نہیں، یہ پلاسٹک کنٹینر والے بم مخصوص علاقے میں پولیس اور رینجرز پر پھینکے گئے ہیں، دھماکوں میں پلاسٹک کے کنٹینرزاستعمال ہورہے ہیں،پہلی طرح کے دھماکوں میں لیاری کے گروپس ملوث ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر گزشتہ تین روز کے دوران یہ پانچواں کریکر حملہ تھا جس کی اطلاع ملتے ہی ڈی جی رینجرز سمیت اعلیٰ افسران ،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔

مزید :

صفحہ اول -