ممبئی ،چھکوں کی بارش،ساؤتھ افریقہ 229سکور بنا کر بھی گوروں سے ہار گیا

ممبئی ،چھکوں کی بارش،ساؤتھ افریقہ 229سکور بنا کر بھی گوروں سے ہار گیا

  

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقا کو انگلینڈ کے خلاف ایونٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور 229 کرنے کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی شہر ممبئی کے واکھنڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ نے بھی جارحانہ کھیل پیش کیا اور ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر پورا کرلیا۔ انگلش ٹیم نے پاور پلے میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنائے، جیسن روئے نے 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 43، الیکس ہیلز نے 7 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 17 اور بین اسٹوکس نے 9 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان مورگن صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ جوئے روٹ اور جوز بٹلر نے پانچویں وکٹ کیلئے 75 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی، بٹلر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جوئے روٹ نے 44 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی وننگ اننگز کھیلی۔جنوبی افریقا کی جانب سے کائل ایبٹ نے 2 ، ڈومینی، عمران طاہر اور رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل انگلش کپتان اون مورگن نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے پاور پلے کے 6 اوورز میں 83 رنز بنائے جب کہ 8 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے۔ ڈی کوک نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور 52 رنز پر پویلین لوٹ گئے جب کہ ہاشم آملہ نے بھی 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 24 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی وہ 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اے بی ڈی ویلئر 2 چھکوں کی مدد سے 16 اور کپتان فاف ڈوپلسی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جے پی ڈومنی اور ڈیوڈ ملر نے پانچویں وکٹ کیلیے برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے 60 رنز کی شراکت داری قائم کی، ڈومینی 28 گیندوں پر 54 اور ملر 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے 2 ، ڈیوڈ ویلے اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید :

صفحہ اول -