پاکستان کو ٹی بی کیخلاف جنگ جیتنے کا چمپیئن ایوارڈ مل گیا

پاکستان کو ٹی بی کیخلاف جنگ جیتنے کا چمپیئن ایوارڈ مل گیا

  

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) پاکستان کو ٹی بی کے خلاف جنگ جیتنے کا چیمپئن ایوارڈ مل گیا۔ پاکستان کی ان کوششوں کا اعتراف جمعرات کی شام یہاں واشنگٹن کے معروف تھنک ٹینک ’’یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس‘‘ میں ’’یو ایس ایڈ ورلڈ ٹی بی ڈے‘‘ کی خصوصی تقریب میں ہوا۔ یہ ایوارڈ پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے وصول کیا۔ ورلڈ بینک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم کے علاوہ امریکی حکومت کے سینئر حکام اور سول سوسائٹی کے متعدد نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستانی سفیر نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان یو ایس ایڈ، ورلڈ بنک اور دوسرے بین الاقوامی اداروں کا مشکور ہے جن کی مدد سے وہ اس خطرناک بیماری پر قابو پانے میں کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم مسلسل کارروائیوں اور شراکت کے ذریعے عالمی سطح پر بھی ٹی بی کے خاتمے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سفیر جیلانی نے اس موقع پر شرکاء کو پاکستانی حکومت کی ان کوششوں سے آگاہ کیا جو وہ صحت کے شعبے میں کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری 2016ء سے حکومت نے ہیلتھ انشورنس کا جو پروگرام شروع کیا ہے وہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کی طرف پہلا قدم ہے۔ ورلڈ بنک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم نے حکومت پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور عوام کی فلاح کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

مزید :

صفحہ اول -