راہداری منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں ،قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر مکمل عملدرآمد ہو گا :سیاسی و عسکری قیادت کا عزم

راہداری منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں ،قومی ایکشن پلان کے تمام ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این، آ ن لائن ) ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،قومی سلامتی اور ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ جمعہ کو وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا۔اس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان،وزیر خزانہ اسحق ڈار،آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ اور دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران ملک بھر میں جاری فوجی آپریشن میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا اورشرکا کی جانب سے ملک سے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے پراتفاق کیا گیا جبکہ اجلاس میں کراچی آپریشن اور آپریشن ضرب عضب کے خاطر خواہ نتائج پراظہاراطمینان بھی کیا گیا۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے پشاور میں سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جائے اور ملک سے آخری دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ملک کے شہری علاقوں سے دہشتگردوں کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ملکی اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے ارکان قو می اسمبلی نے ملاقاتیں کیں اور اپنے حلقے کے مسائل پیش کئے ۔ ترقیاتی کاموں میں فنڈز کی کمی کا مسئلہ وزیراعظم کے سامنے رکھا گیا اور کسانوں کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات کرنے والوں میں چوہدری نذیر، عبدالرحمان خان کانجو، رضاحیات ہراج شامل تھے جنھوں نے نواز شریف سے الگ الگ ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور جمہوری پاکستان ہماری ترجیح ہے ہمارا مقصد عوام کی زندگی معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی اور دہشتگردی کے خلاف پر عزم ہیں ۔ وزیراعظم نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی بھی کروائی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت عالمی اداروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ارکان پارلیمنٹ کو عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہیے۔ ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی ملکی ترقی میں دلچسپی اور دیگر اقدامات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں میں مجوزہ ترقیاتی اور فلاح وبہبود کے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔وزیراعظم نے تمام منصوبوں اور سکیموں کی تکمیل میں مکمل تعاون کا یقین دلایا جن کا مقصد عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -