مقررکردہ اہداف تک پہنچنے کیلئے نتائج چاہئیں ،تعلیمی اہداف حاصل نہ کرنیوالے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا حق نہیں :شہبازشریف

مقررکردہ اہداف تک پہنچنے کیلئے نتائج چاہئیں ،تعلیمی اہداف حاصل نہ کرنیوالے ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فروغ تعلیم کیلئے تعین کردہ اہداف کا حصول ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔سکولوں میں بچوں کے داخلے اورمعیاری تعلیم کے فروغ کیلئے مقررکردہ اہداف کے حصول کیلئے تیزرفتاری سے موثر اقدامات کرنا ہوں گے، تعلیمی اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں لہٰذاتعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے مقررکردہ اہداف کو یقینی بنانے کیلئے مجھے نتائج چاہئیں۔ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب ‘‘پروگرام کے تحت تعلیمی اہداف کا حصول ایک قومی ذمہ داری سمجھ کریقینی بنانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ محنت ، عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے سال 2018 تک پنجاب کے ہر بچے کے سکول داخلے کا ہدف حاصل کرنا ہے ۔۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی معیاری تربیت کے حوالے سے جامع پروگرام وضع کرکے فوری عملدر آمد کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔فروغ تعلیم کیلئے وسائل کی فراہمی ملک و قوم کے تابناک مستقبل کیلئے سرمایہ کاری ہے ۔ معیاری تعلیم تک رسائی ہر بچے کا حق ہے اورپنجاب حکومت یہ حق انہیں دے رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر ،سیکرٹری اور متعلقہ اداروں کے حکام فروغ تعلیم کیلئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔وزیراعلیٰ نے اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے بروقت اقدامات نہ اٹھانے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچرز ٹریننگ پروگرام تعلیمی اصلاحات کے روڈ میپ کا اہم جزو ہے اور اساتذہ کی مناسب تربیت کے بغیر معیاری تعلیم کا فروغ اور تعلیمی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبہ کے اہداف کو مقررمدت میں ہرقیمت پریقینی بنایا جائے۔سرمائیکل باربر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ڈیفڈ کی سربراہ جوانا ریڈ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے جتنا وقت دیتے ہیں یہ ان کی کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ چین کے صوبے سچوان کے دارالحکومت چینگ ڈو کے ایگزیکٹو وائس مئیر ژاؤ ژی ہانگ سے ملاقات میں پنجاب اور لاہور اور سچوان اور چینگ ڈو کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، تجارتی ومعاشی ،پینے کے صاف پانی، سینی ٹیشن، سیاحت اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے لاہور اور چینگ ڈو کو جڑواں شہر قرار دینے کے فریم ورک کے تحت اشتراک کار مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال بندھن میں پروئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک گیم چینجر ہے۔ ایگزیکٹو وائس مئیر چینگ ڈو ژاؤ ژی ہانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور لاہور کے ساتھ تجارتی، معاشی، تعلیم، صحت، سیاحت، واٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کرنے کے خواہاں ہیں۔ ژاؤ ژی ہانگ نے ملاقات کے دوران کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں تیزرفتاری سے ترقی ہورہی ہے اورہمیں خوشی ہے کہ شہبازشریف جنہیں چینی قیادت انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفنو پونٹے کاروو کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، زراعت، صنعت، لائٹ انجینئرنگ، زرعی مشینری، ایگرو انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اٹلی کے سفیر اور سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات کی تعریف کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اکنامک انڈیکیٹرز بہتر ہوئے ہیں جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ اس موقع پر اطالوی سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے سربراہان شامل تھے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں زرعی کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہر طرح مقدم ہے اور پنجاب حکومت کاشتکاروں اور زرعی شعبہ کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اوریہی وجہ ہے کہ زرعی شعبے اور کاشتکاروں کو در پیش مسائل کے ازالے کی تجاویز کے لئے کل صوبائی دارالحکومت میں زرعی کانفرنس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔کانفرنس میں کاشتکاروں ،ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ کاشتکاروں اور زمینداروں کو زرعی شعبے کی عالمی کساد بازاری سے پیدا شدہ مسائل سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا مستقبل زراعت سے وابستہ ہے اورزراعت کے فروغ اور استحکام کیلئے ہرطرح کے وسائل حاضر ہیں۔ حکومت پنجاب دیہی آبادی کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات عمل میں لا چکی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -