پاک چائنہ فورم کے شرکاء اور مہمانانِ خصوصی کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل

پاک چائنہ فورم کے شرکاء اور مہمانانِ خصوصی کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل

  

لاہور (کرائم رپورٹر)ایس ایس پی آپریشنزکیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ 19 مارچ سے ایکسپو سنٹر میں شروع ہونے والے پاک چائنہ بزنس فورم کے دوران شرکاء اور مہمانانِ خصوصی کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس تمام ترممکن اقدامات اُٹھائے گی۔ شہر میں اینٹی پولیو مہم کے دوران پولیوٹیموں کے ساتھ تعینات پولیس اہلکارالرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز ایکسپو سنٹر ، پولیو ٹیموں اور تبلیغی اجتماع رائیونڈمیں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حساس اداروں کے اہلکار بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے اس موقع پر مزید کہا ہے19مارچ سے ایکسپو سنٹر میں شروع ہونے والا پاک چائنہ بزنس فورم 22 مارچ تک جاری رہے گا جس کیلئے ایکسپو سنٹر کی طرف آنے اور جانے والے تمام راستوں پر پولیس اہلکارتعینات ہوں گے اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ فورم میں شرکت کرنے والے ہر فرد کی جسمانی چیکنگ اور کارڈ دیکھ کر اندر داخل ہونے دیا جائے گا ۔ ایکسپو سنٹر کے اندر نمائش لگانے والے تمام افراد کی کلیئرنس بھی ضروری ہو گی اور ہر اندر داخل ہونے والے سامان کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے گی۔ اسی طرح تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں آنے والے ہر فرد کو باقاعدہ چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت ہو گی۔

مزید :

علاقائی -