کراچی ایئرپورٹ پر چھوٹے مسافر طیارے کو حادثہ،3افراد زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئر لائن کا چارٹر طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں کپتان اور مسافر خاتون سمیت3افراد زخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق جمعہ کو ایک نجی کمپنی کے 18 سیٹر چارٹر طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری لیکن کچھ ہی دیر بعد ہائی ڈرولک پریشر کم ہونے کے باعث طیارہ رن وے پر ہی آ کرگرگیا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی، حادثے میں کپتان اور ایک خاتون سمیت 3افرد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سول ایوی ایشن اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت جہاز میں کپتان سمیت 16 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے بعد رن وے کو تمام پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے جب کہ طیارے کو رن وے سے ہٹانے کے لئے مشینری طلب کرلی گئی ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے 2 انجنوں میں سے ایک بند ہو گیا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔رن وے پرطیارہ گرنے سے پروازوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ رن وے نمبر25 ایل بند ہونے کے سبب اسلام آباد جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز بھی تاخیر کا شکارہوئی ہے