ماضی کی ناقص منصوبہ بندی سے بجلی کی لوڈشیڈنگ و دیگر مسائل پیدا ہوئے :صدر ممنون حسین

ماضی کی ناقص منصوبہ بندی سے بجلی کی لوڈشیڈنگ و دیگر مسائل پیدا ہوئے :صدر ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان عدل و انصاف کے قیام اور آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے قائم کیا گیا تھا اس سلسلے میں بانیان پاکستان کے افکار اور تعلیمات ہمیشہ نوجوانوں کے پیش نظر رہنے چاہیں ۔صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر اسلام آباد میں یوم پاکستان کے سلسلے میں بچوں کے خصوصی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر بچوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریریں کیں اور قومی ترانے اور ٹیبلو بھی پیش کیے جن میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگ پیش کیے گئے۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کا قیام جمہوری جدوجہد کے ذریعے ممکن ہوا اور اس ملک کی ترقی بھی جمہوریت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ برداشت اور تحمل پاکستانی معاشرے کی خوبی تھی لیکن غیر جمہوری رویوں کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو فروغ ملا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے لیکن مشکلات سے گبھرانا نہیں چاہئے کیونکہ کہ مشکلات کی یہی بھٹی قوموں کو کندن بنا دیتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے فیصلے کے تحت افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن کررہی ہیں، قوم کو اس کا ساتھ دینا چاہئیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ماضی کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دوسرے مسائل پیدا ہوئے جن سے کامیابی سے نمٹا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سال دو ہزار آٹھارہ تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر اور گوادر پورٹ کے فعال ہوجانے کے بعد دنیا کااہم ترین ملک بن جائے گا اور پاکستان کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان مایوس نہ ہوں۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور وہ پاکستان کی ترقی اور سر بلندی کے لیے خوب محنت کریں خاص طور پر بچیاں تعلیم کے حصول میں کسی کمزوری کا مظاہرہ نہ کریں ۔صدر مملکت نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ پاکستانی تہذیب و ثقافت پر کاربند رہیں اور اجنبی روایات سے بچیں تاکہ اچھی اقدار فروغ پاسکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ تحریک پاکستان میں طلبہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا جن میں علی گڑھ یونیورسٹی ، اسلامیہ کالج پشاور اور اسلامیہ کالج لاہور کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، اس جذبے کو تازہ کرنا ضروری ہے تاکہ پاکستان ترقی کرسکے۔صدر مملکت نے تقریب میں شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو شاباش دی اور دعا کی کہ ان کے جذبے جوان رہیں اور ان کی توانائیاں پاکستان ترقی اور تعمیر میں صرف ہوں۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام23 مارچ کو پی۔ٹی۔وی سے نشر کیا جائے گا۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -