پرویز مشرف کی روانگی کیخلاف پیپلز پارٹی کا پریس کلب کے سامنے احتجاج

پرویز مشرف کی روانگی کیخلاف پیپلز پارٹی کا پریس کلب کے سامنے احتجاج

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) سابق صدر پرویز مشرف کو حکومت کی طرف سے علاج معالجے کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدائت پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بلاک کردیا ۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ پرویز مشرف ہماری قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی کے قتل میں نامزد ملزم ہیں انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دیکر وزیراعظم نواز شریف حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں پیپلز پارٹی کے کارکنان نواز شریف کے پرویز مشرف کے ساتھ مک مکا کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ ڈکٹیٹروں کو سہولیات دینے کے لئے ہی کام کیا ہے عوام اس انتظار میں ہیں کہ مسلم لیگ (ن) والے اب کب استعفی دیں گے ۔پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات فیصل میر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اس حوالے سے ہمیشہ تاریخ میں لکھے جائیں گے کہ انہوں نے ہر وقت ڈکٹیٹروں کو سہولیات ہی فراہم کی ہیں۔جہان آراء وٹو اورڈاکٹر ضرار یوسف نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔

پیپلز پارٹی احتجاج

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -