جوبلی لائف اور سمٹ بینک کے مابین بینکا تکافل کیلئے معاہدہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں صف اول کی لائف انشورنس فراہم کرنے والی کمپنی جوبلی لائف نے ملک کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے کمرشل بینک ، سمٹ بینک کے ساتھ بینکا تکافل معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔ اس معاہدے پر دستخط جوبلی لائف کے ہیڈ آفس میں ہوئے جہاں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی اسلامی بینکنگ کے تناظر میں اس شراکت کو تقویت دینے کے لئے ایک تقریب منعقد ہوئی۔اس تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ ندیم چاندنا ( ہیڈ آف تکافل ، جوبلی لائف ۔ ونڈو تکافل آپریشنز) اور فیصل مرا د (ہیڈ آف کنزیومر بینکنگ ، سمٹ بینک ) نے معاہدے پر دستخط کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چاندنا نے کہا ’’ بینکا تکافل شریعت پر عمل کرنے والی مارکیٹ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے جس کی بدولت ہم حکمت عملی کے ساتھ ایک ایسی صنعت میں داخل ہوجائیں گے جس نے پاکستان میں بہت زیادہ ترقی کی ہے۔ہم پُر اعتماد ہیں کہ سمٹ بینک کے ہمراہ اپنی اعلیٰ معیار کی سروس کی بدولت اس نئے قابل بھروسہ پلیٹ فارم کے ساتھ پائدار کاروبار کی بنیاد رکھ سکیں گے۔‘‘ فیصل مراد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ اپنے قیام سے اب تک ہم نے اپنی توجہ اپنے صارفین کی بڑھتی ہوئی ضروریات پر رکھی ہیں۔ ہمارا مقصد کسٹمرز کو خد مات فراہم کرنا اور ان کی ضروریات کو مارکیٹ کے رجحان کے مطابق پورا کرنا ہے۔نجی شعبے کی صف اول کی انشورنس کمپنی جوبلی لائف کے ساتھ اس شراکت کے باعث ہم اپنے صارفین کو اپنے برانچ نیٹ ورک کی بدولت بینکا تکافل کی ون ونڈو سہولت فراہم کر سکیں گے۔ ‘‘ فیصل مراد نے مزید کہا ’’ ہم اپنے پورٹ فولیو میں اس باہمی فائدے کی ویلیو ایڈیشن پر بہت مسرور ہیں کیونکہ اس اشتراک کی بدولت دونوں اداروں کے صارفین کو سہولیات میسر آئیں گی۔‘‘جوبلی انشورنس آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (AKFED)کا ایک عالمی برانڈ ہے جو ایشیا اور مشرقی افریقہ کی مارکیٹوں میں مختلف انشورنس پالیسیاں برائے زندگی ، صحت اور جنر ل بھی پیش کرتا ہے۔ جوبلی لائف پاکستان میں زندگی اور صحت کی انشورنس کے منفرد ترتیب دئیے گئے منصوبے پیش کرتی ہے جو صارفین کے مختلف طبقات کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں جن میں ریٹائرمنٹ، بچوں کی تعلیم، شادی ، بچت اور تحفظِ زندگی ، خواتین کیلئے خاص بیمہ زندگی کے منصوبے ، دیہی علاقوں کیلئے انشورنس پالیسیاں اور ملک کے کم مراعات یافتہ طبقے کے لئے زندگی اور صحت کی پالیسیاں شامل ہیں۔
Ba