لیاری کھیل اورفنون لطیفہ کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا تھا،نادیہ گبول

لیاری کھیل اورفنون لطیفہ کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا تھا،نادیہ گبول

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ کی کوآردینیٹربرائے انسانی حقوق نادیہ گبول نے کہا ہے کہ لیاری کھیل،تاریخ، ثقافت اورفنون لطیفہ کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا تھا لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے اس کو دنیا بھر جرائم کی آماجگاہ بنا کر پیش کیا گیاہے،جس کی وجہ سے وہاں ہونے والی مثبت سرگرمیاں اورنوجوان نسل کا ہنروکھیل دنیا کے سامنے پیش نہیں کیا جارہا ہے ،لیاری کے عوام اور سندھ حکومت کی جانب سے ملک کاپہلاخواتین باکسنگ مقابلہ اس بات کی دلیل ہے کہ لیاری اب بھی امن کا گہوارہ ہے اور اس کے لوگ پر امن ہیں، باکسنگ کا کھیل لیاری کی پہچان ہے ،لیکن اس میں خواتین نے شرکت کرکے اس کی شان میں غیرمعمولی اضافہ کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کھیل سندھ اور سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے پیپلزاسپورٹس کمپلکس،استاد عبداللہ بلوچ باکسنگ اسٹیڈیئم ماڑی پور میں منعقدہ سندھ اسپورٹس بورڈکا پہلا خواتین باکسنگ کوچنگ کیمپ کی اختتامی تقریب میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں محکمہ کھیل سندھ کے سیکریٹری محمد راشد سمیت مختلف باکسنگ ایسوسی ایشنز کے رہنما بھی شریک تھے۔تقریب میں مختلف اسکولوں اور باکسنگ کلب سے تعلق رکھنے والی خواتین کھیلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نادیہ گبول نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت اور محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے مقابلہ میں جیتنے والی خاتون کھیلاڑیوں کو فی کس دس ہزار روپے اورکٹ دینے کا بھی اعلان کیا اور کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب لیاری کے باکسر بالخصوص خواتین باکسرز عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور دینا بھر میں لیاری کے عوام کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا باکسنگ مقابلہ اب تک پاکستان میں کہیں بھی منعقد نہیں ہوا ہے اور یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ سندھ حکومت اور سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن نے لیاری میں یہ مقابلہ کرواکر تاریخ رقم کردی ہے،اس طرح کے مقابلے پورے ملک میں منعقد ہونا چاہیے تاکہ خواتین کو بھی اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکے، اس موقع پر تمام خواتین کھیلاڑیوں اور منتطمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اپنے حسن و جمال اور اس کے خیال کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں لیکن لیاری کی ان خواتین نے کھیلوں میں حصہ لے کر اس تاثر کو بھی غلط ثابت کردیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لیاری کے عوام گزشتہ کئی روز سے ایک درد میں مبتلا ہیں لیکن یہ وقت ہمیشہ رہنے والا نہیں،لوگوں کو ماننا پڑے گا کہ لیاری کے عوام زندگی کے کسی بھی شعبہ میں کسی سے کم نہیں ہیں، اور اس طرح کے مواقع لیاری کے عوام کو بہت آگے تک لے کر جائیں گے۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -