ماحولیاتی تبدیلی بارے شعور و آگاہی میں اضافے کی ضرورت ہے،ایازصادق

ماحولیاتی تبدیلی بارے شعور و آگاہی میں اضافے کی ضرورت ہے،ایازصادق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں دنیا کو مختلف عالمی ماحولیاتی مسائل اور ان کے اثرات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ماحولیات کے تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا حصہ بننے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں منائے جانے والے ’ارتھ آور‘ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ توانائی کے ذرائع کے تحفظ کے لئے پاکستان کی پارلیمان نے متبادل ذرائع استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں پاکستان کی پارلیمان کوشمسی توانائی پر منتقل ہونے والی پہلی پارلیمان کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’نیٹ میٹرنگ لائسنس‘ کے تحت پارلیمنٹ قومی گرڈ کو اضافی بجلی بھی فراہم کرے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس مستقبل میں مختلف ماحول دوست منصوبے مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو اپنے ملکوں میں اپنائے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ دنیا آج ماحولیاتی تبدیلی کے نتائج سے آگاہ ہے اور اس حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارتھ آور کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے شعور و آگاہی میں اضافہ ہے جو مستقبل میں ماحول دوست اقدامات کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان ویژن 2025کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ہماری قومی ترجیحات کا لازمی جز ہے اور قومی ترقیاتی منصوبوں میں اس حوالے سے بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے۔ارتھ آور کے اقدام کو سراہتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں مشہور مقامات پر ایک گھنٹے کے لئے روشنی بجھا دی جائے گی جو ماحول کے تحفظ کے لئے ہمارے عزم اور اجتماعی کاوشوں کا مظہر ہے۔
ایازصادق