قومی سنوکر چیمپئن شپ،ٹاپ سیڈڈ کھلاڑی کوارٹرفائنل میں

قومی سنوکر چیمپئن شپ،ٹاپ سیڈڈ کھلاڑی کوارٹرفائنل میں

لاہور(سپورٹس رپورٹر) اسجد اقبال، شہرام چنگیزی، محمدسجاد، احسن جاوید، شاہد آفتاب، خرم آغا، سہیل شہزاد اور نادر میران فتوحات برقرار رکھتے ہوئے جوبلی انشورنس 42ویں قومی سنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچ گئے، محمد آصف، محمدبلال اور بابرمسیح شکستوں کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ کراچی میں جاری چیمپئن شپ میں ہفتے کو کھیلے گئے پری کوارٹرفائنلز میں اسجد اقبال نے عمران شہزاد کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5-4 فریمز سے ہرا کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی، محمدسجاد نے مبشررضا کو 1 کے مقابلے میں 5 فریمز سے شکست دے کر کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کیا، شہرام چنگیزی نے محمدبلال کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 5-4 فریمز سے ہرا کر کوارٹرفائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، خرم آغا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے محمد آصف کو 5-1 فریمز سے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

، نادر میران اور بابرمسیح کے درمیان بھی زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں نادر فتح یاب رہے اور انہوں نے بابر کو 5-4 فریمز سے مات دی، احسن جاوید نے محمداعجاز کو 2 کے مقابلے میں 5 فریمز سے شکست دی، سہیل شہزاد نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عبدالستار کو 5-1 فریمز سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ کوارٹرفائنلز آج اتوار کو کھیلے جائیں گے، اسجداقبال کا مقابلہ احسن جاوید، شاہد آفتاب کا مقابلہ نادرمیران، محمدسجاد کا مقابلہ سہیل شہزاد اور خرم آغا کا مقابلہ شہرام چنگیزی سے ہو گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی