آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ رگبی ورلڈکپ کی میزبانی کرینگے
رگبی لیگ ورلڈکپ 2017ء رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ایک ساتھ شروع ہو گا۔ میگاایونٹ کا پہلا میچ 27 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میلبورن سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ رگبی لیگ ورلڈکپ کی میزبانی مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرینگے۔ دونوں ممالک تیسری بار ایک ساتھ میگاایونٹ کی میزبانی کریں گے۔ اس سے قبل دونوں ممالک 1968ء اور 1977ء میں منعقدہ ورلڈکپ کی میزبانی کر چکے ہیں۔ آر ایل آئی ایف کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق میگاایونٹ کی میزبانی کیلئے جنوبی افریقہ بھی دوڑ میں شامل تھا لیکن تمام اراکین کی مشاورت کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو میگاایونٹ کی میزبانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ میگا ایونٹ کا کامیاب اور یادگار انعقاد ممکن ہو سکے۔ امید ہے کہ دونوں ممالک ہماری توقعات پر پورا اتریں گے۔ ایونٹ کے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کے حوالے سے تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ 2017ء میں شیڈول میگاایونٹ میں آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کیلئے میدان میں اترے گی۔ آسٹریلیا نے گذشتہ برس انگلینڈ ویلز فرانس میں منعقدہ ورلڈکپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو زیر کر کے عالمی ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا۔