فلسطینی اتھارٹی کے "قومی فنڈ" سے متعلق اسرائیلی بیان کی سخت مذمت
غزہ (اے پی پی) فلسطینی اتھارٹی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع کا وہ بیان اسرائیل اور تنظیم آزادیِ فلسطین (پی ایل او) کے درمیان طے پائے گئے اوسلو معاہدے کی بنیادی خلاف ورزی ہے جس میں ایوگڈور لیبرمین نے قومی فنڈ برائے فلسطین کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔فلسطینی اتھارٹی کے اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ " قومی فنڈ دراصل تنظیم آزادی فلسطین کے اداروں کا ہے جو دستخط شدہ معاہدوں اور عالمی معیار کے مطابق پوری شفافیت کے ساتھ بین الاقوامی نگرانی کے تحت اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ ایسے وقت میں جب کہ امریکی صدر ٹرمپ کا نمائندہ امن عمل کے لیے ماحول سازگار بنانے کے واسطے خطے میں موجود ہے.. اس نوعیت کا بیان امریکی کوششوں کو بے قدر بنانے اور ان میں رکاوٹ ڈالنے کی اسرائیلی کوشش ہے"۔