نظر یہ پاکستان ، آزادی کشمیر و بنیاد پاکستان پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا : سیاسی ، مذہبی و تاجر رہنما

نظر یہ پاکستان ، آزادی کشمیر و بنیاد پاکستان پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا : ...

لاہور ( خصوصی رپورٹ)مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، علماء کرام اور تاجر رہنماؤں نے نظریہ پاکستان رابطہ کونسل اور جماعۃالدعوۃ کی نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو لبرل بنانے کی کوششوں کیخلاف اورتحفظ نظریہ پاکستان کیلئے ملک گیر تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی۔ نظریہ پاکستان ، آزادی کشمیر اور پاکستان کی بنیاد اسلام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ،تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں نظریہ پاکستان کے احیاء کے لئے متحد و بیدارہیں۔ حافظ سعید کی نظر بندی امریکہ و بھارت کو خوش کرنے کے لیے کی گئی ، کشمیریوں کو یہ پیغام دینے کی سازش ہے کہ تمھارا پشتیبان نظر بند ہے۔کشمیر سمیت وہ تمام علاقے جہاں بھارت نے غاصبانہ قبضہ کیا انہیں آزاد کروانے سے ہی تکمیل پاکستان ہو گی۔اسلامی ایٹمی پاکستان دنیائے کفر کو برداشت نہیں ‘ وہ اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے خوفناک سازشیں کر رہے ہیں۔آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کے اثرات زائل کرنے کیلئے لبرل ازم کی باتیں ہو رہی ہیں ، سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد بند کروایا جا ئے اور بیرون ملک فرار ہونے والے گستاخ بلاگرز کو واپس لاکر ان پر مقدمات چلائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہاردفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی،پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما محمد علی درانی ، مسلم لیگ ق کے سینئر رنائب صدر اجمل خان وزیر، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری، تحریک نوجوان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمید گل ، انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ، انصار الامہ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر بدر نیازی،مسؤل جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد شفیق الرحمن ، مرکزی رہنما جماعۃ الدعوۃ عبدالوحید شاہ و دیگر نے جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکزاسلام آباد میں ہونے والی نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس میں شہر اوراس کے گردونواح سے تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ اور نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے ،حافظ محمد سعید سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ‘ کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ ، حرمت رسول ﷺ پر جان بھی قربان ہے کے زور دار نعرے لگائے جاتے رہے۔ دفاع پاکستان کونسل اورجماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ 23مارچ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، انگریزوں نے برصغیر چھوڑتے وقت ہندوؤں سے مل کر سازش کی اور پاکستان کے کچھ حصے ہتھیا لیے اب ہمیں یہ حصے واپس لے کر تکمیل پاکستان کرنی ہے، سوچی سمجھی سازش کے تحت حکومتی مشنری اس ملک کو سیکولر ثابت کرنے پر تلی ہوئی ہے لیکن ہم تاریخ کو مسخ نہیں ہونے دیں گے ، قائد اعظم نے کبھی گاندھی سے نہیں کہا کہ تم ہولی میں مجھے دعوت دو اور مجھ پر رنگ پھینکو ، یہ ملک صرف اسلام کے لیے حاصل کیا گیا تھا یہاں وہی رہے گا جو اسلام کے ساتھ چلے گا۔کشمیر آزاد ہو گا تو پاکستان مکمل ہو گا۔اسی طرح سارے مقبوضہ علاقے انڈیا نے جہاں فوج داخل کی تھی اس کو آزاد کروانا تکمیل پاکستان ہے۔ مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر نے کہا کہ حکمرانوں کی ترجیحات پیسہ بنانا اور کرسی بچانا ہے ۔کرپشن دبانے کے لیے حافظ سعید کو نظر بند کر دیا جا تا ہے ۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد لسانی ، صوبائیت ، ثقافتی یا جغرافیائی نہیں ہے بلکہ مسلم قومیت کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ،انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ،انصار الامہ کے رہنما ڈاکٹر بدر نیازی،مسؤل جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد شفیق الرحمن، ابو محمد سلفی اور عبدالوحیدشاہ ودیگر نے کہاکہ 23مارچ1940 کو جو نظریہ پیش کیا گیا حافظ محمد سعید کا بھی وہی نظریہ ہے ، آج ہم اپنے نظریے سے پیچھے ہٹ رہے ہیں ، ہمیں حافظ سعید بننا ہے اگر بن گئے تو ہندو کبھی اپنے قاصد میں کامیاب نہیں ہو گا ۔دریں اثناء جڑانوالہ میں جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ہونیو الی آل پارٹیز کانفرنس کے دوران فیاض احمد زونل مسؤل جماعۃ الدعوۃفیصل آباد، چوہدری مصطفی گجر مسلم لیگ ن،سخاوت علی رہنما پاکستان تحریک انصاف،ارشد عابدجماعت اسلامی،رانا رشید احمد خاں رہنما آل پاکستان مسلم لیگ،قاری عبدالشکورمرکزی رہنما ملی یکجہتی کونسل،حافظ احمدحمید اللہ رہنما مرکزی جمیعت اہلحدیث،ابو بصیر احمد رہنماتحریک آزادی جموں کشمیر، محمد نواز جمیعت علماء اسلام،حاجی ابرار تاجر رہنما جڑانوالہ،،سکندر حیات زکی ناظم اخوت اسلامی،عامر اسلام رہنما یوتھ ونگ جماعت اسلامی، میاں منیر احمد بھٹی رہنمامرکزی جمیعت اہلحدیث،غازی سلیمان ،غنضفر رسول و دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں اورتاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر نظریہ پاکستان سے آگاہی کے لیے تیا ر کی گئی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔

Back to Conversion Tool

مزید : علاقائی