بہاولپور میں جلد کڈنی ٹرانسپلانٹ کا آغاز کردیا جائیگا،خواجہ سلمان رفیق

بہاولپور میں جلد کڈنی ٹرانسپلانٹ کا آغاز کردیا جائیگا،خواجہ سلمان رفیق

بہاولپور(بیورورپورٹ)وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صحت کی جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے وسیع تر نظام کے تحت کڈنی سنٹر بہاول پور میں جلد کڈنی ٹرانسپلانٹ کا آغاز کردیا جائے گا تاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت کی بہترین (بقیہ نمبر38صفحہ12پر )

سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے کڈنی سنٹر کے دورہ کے موقع پرکہی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ، کمشنر بہاول پور ثاقب ظفر،پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج ڈاکٹراجلال حیدر رضوی اور ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹرراؤ جاوید اختر بھی ان کے ہمراہ تھے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈائیلیسز اور گردوں کے دیگر امراض کے علاج کے لیے خطیر سرمایے سے کڈنی سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں سٹیٹ آف دی آرٹ آپریشن تھیٹرز اور طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے ایم ایس بی وی ایچ کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے ویسٹ کو طبی طریقہ کار کے مطابق ہی تلف کیا جائے اور ہسپتال کی صفائی کو مزید بہتر کیا جائے۔انہوں نے کہا کارڈیک سنٹر کی اپ گریڈیشن بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ بہاول پور میں انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی سمیت دیگر تمام سہولیات کی فراہمی جلد ممکن ہوسکے۔وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے معائنہ کے دوران ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک، میڈیکل سٹور ز، کارڈیک سنٹر کا بھی تفصیلی معائنہ کیا ۔ انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ہسپتال میں مریضوں کو تمام ادویات کے مفت فراہمی کے عمل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ادویات کے لیے مطلوبہ درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے کے عمل کی مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر