عدالت کا فاروق ستار سمیت دوسرے ملزموں کو 20مارچ تک پیش کرنے کا حکم

عدالت کا فاروق ستار سمیت دوسرے ملزموں کو 20مارچ تک پیش کرنے کا حکم

کراچی(اے این این ) انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے کیس میں ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار ،عامرخان اور خالد مقبول صدیقی کوہرصورت گرفتارکرکے 20 مارچ تک پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت میں گزشتہ روزاشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کے تفتیشی افسرحمید خان نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں فاروق ستار اور دیگر کی گرفتاری ضلعی سطح پرٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ ملیرمیں درج مقدمات کی تفتیشی رپورٹ ایس ایس پی ملیرراؤانواردیں گے۔عدالت نے فاروق ستار کی عدم گرفتاری اور پولیس رپورٹ پرعدم اطمینان اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے حکومت اور پولیس کو مقدمات کی حساسیت کو سمجھنا ہوگا ،فاروق ستار کو ہرصورت گرفتارکیا جائے اورعدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں عامرخان اور خالد مقبول صدیقی کو بھی پیرتک گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت

مزید : کراچی صفحہ اول