صوبائی دارالحکومت میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری

صوبائی دارالحکومت میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے بنائے گئے سپیشل سکواڈز بھی سود مند ثابت نہیں ہوسکے اور گزشتہ روز بھی شہر میں خطرناک اور جان لیوا کھیل کا سلسلہ جاری رہاہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے شہرمیں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے تھانوں کی سطح پر 30سے زائد سپیشل سکواڈز تشکیل دے رکھے ہیں۔ اس کے باوجود گزشتہ روز شہر میں دن بھر پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا اور اس میں کینٹ ڈویژن اور سول لائن ڈویژن کے 10تھانوں کی حدود میں سب سے زیادہ پتنگ بازی کی گئی اور دن بھر بوکاٹا کے نعرے لگتے رہے ۔ جس میں سب سے زیادہ باغبانپورہ، غازی آباد ، ہربنس پورہ اور گجر پورہ سمیت گڑھی شاہو میں پتنگ بازی کی گئی جبکہ سٹی ڈویژن کے 10تھانوں جن میں راوی روڈ ، شفیق آباد اور شاہدرہ سمیت اسلام پورہ کے علاقوں میں دن بھر بو کاٹا کے نعرے لگتے رہے اسی طرح سبزہ زار ، شیراکوٹ ، سمن آباد اور نواں کو ٹ سمیت گلشن راوی میں بھی رنگ برنگی اور بڑے بڑے سائز کی پتنگیں اڑتی رہیں جبکہ ہنجر وال،نشتر کالونی اور کوٹ لکھپت کے علاقوں میں بھی اس جان لیوا کھیل کا سلسلہ نہ رک سکا۔ پولیس مساجد اور گاڑیوں پر لاؤڈ سپیکر لگا کر اعلان بھی کرتی رہی جبکہ پولیس کی جانب سے پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے بنائے گئے سپیشل سکواڈز بھی سودمند ثابت نہ ہوسکے اور دن بھر چھاپوں کے باوجود پتنگ بازی کے سلسلہ میں ذرہ بھر بھی کمی نہ آسکی جس پر شہریوں میں خوف و ہراس طاری رہا اور پتنگ بازی کے بڑھتے ہوئے رُجحان کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے۔ پتنگ بازی کی مخالف تنظیموں نے بھی پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی سے مطالبہ کیاکہ اس جان لیوا کھیل کی مکمل روک تھام کی جائے۔ اس حوالے سے لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی اور پتنگ وڈور فروخت کرنے کے خلاف لاہور کے تمام تھانوں میں کارروائی کی گئی ہے اور 77افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضہ سے پتنگیں اورڈور برآمد کی گئی ہے ۔

مزید :

علاقائی -