عمران خان کی وجہ سے سیاست سے شائستگی ختم ہو چکی،سینیٹ الیکشن میں گھوڑے نہیں اصطبل بکے:اسفند یار ولی
پشاور،نوشہرہ(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اگر آئندہ عام انتخابات شفاف ہوئے تو حکومت اے این پی کی ہوگی البتہ اگر الیکشن میں جنات اور فرشتے آ گئے تو کچھ نہیں کہ سکتا،سینیٹ الیکشن میں اس بار گھوڑے نہیں اصطبل بکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کی تحصیل پبی میں پیر پیائی کے مقام پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اسفندیار ولی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان ملک کی سیاست میں افسوسناک اضافہ ہے جس کی وجہ سے سیاست سے شرافت اور شائستگی ختم ہو چکی ہے ، انہوں نے کہا کہ سیاہی اور جوتے چلنا سیاست کیلئے لمحہ فکریہ ہے،پانچ سال تک اے این پی پر کرپشن کے الزامات لگانے والے کسی ایک ایم پی اے ایم این اے یس سینیٹر کا نام سامنے نہیں لا سکے جس پر کرپشن کا کوئی کیس ہو ، انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک جس اے این پی کی حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں اسی حکومت میں ساڑھے چار سال تک وزیر رہے،انہوں نے کہا کہ اب صوبائی حکومت کے اپنے ممبران وزیر اعلیٰ کو منہ پر کرپٹ قرار دے رہے ہیں لیکن نیب کو خیبر پختونخوا میں کرپشن نظر نہیں آ رہی ، اسفندیار ولی خان نے کپتان سے استفسار کیا کہ اپنے بکاؤ ممبران کے خلاف فوجداری مقدمات کا اعلان کہاں گیا ؟ نواز شریف اور زرداری کو کرپشن کے گاڈ فادر اور ایک سکے کے دو رخ کہنے والے نے اپنے تمام اسمبلی ممبران زرداری کی جھولی میں ڈال دیئے یہ کون سی سیاست ہے؟ انہوں نے کہا کہ کبھی بھی تاریخ میں اس قسم کی منڈی نہیں لگی جس طرح اس بار گھوڑوں کی بجائے پورے اصطبل ہی بیچ ڈالے گئے،انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن تو ہو گئے لیکن اب آئندہ عام انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہونے چاہئیں اور اگر ایسا ہوا تو اے این پی کے علاوہ کوئی جماعت حکومت نہیں بنا سکتی، انہوں نے کہا کہ اگر جنات اور فرشتے اس بار بھی میدان میں نکل آئے تو پھر کچھ کہا نہیں جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور کمیشن کی انتہا ہے ،پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے ، جبکہ 350ڈیم کا کہیں نام و نشان نہیں ہے ، انہوں نے عمران خان کو یاد دلایا کہ اگر وہ موٹر وے سے اتر کر حیات آباد تک سفر کریں تو جی ٹی رود پر انہیں وہ 350ڈیم ضرور نظر آ جائیں گے۔