مردان ،گرین پاکستان شجر کاری مہم کا آغاز
رستم(تحصیل رپورٹر)مردان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ظاہر شاہ کے زیرنگرانی گرین پاکستان شجر کاری مہم کا آغازکردیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کاانعقاد (کے پی ہاوس) مردان میں ہو اجس میں ڈپٹی کمشنر مردان عابد خان وزیراور ظاہر شاہ صدر مردان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری نے باقاعدہ شجرکاری کے مہم کا آغاز کردیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان قاسم خان، مردان کے تمام اسسٹنٹ کمشنرزکے علاوہ مردان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران شامل تھے۔گرین پاکستان شجر کاری مہم کے دوران مردان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری شمسی روڈ، یونیورسٹی روڈاور نوشہرہ روڈ پر 10ہزار پودوں کی شجر کاری کریگاجس کے پہلے مرحلے پرآغاز کردیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان نے مردان چیمبرکے صدر ظاہر شاہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری ایک ملک کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے اورظاہر شاہ صدر مردان چیمبر کی محنت، کوششیں اور تگ و دو کسی سے چھپی نہیں ہے جس کی بدولت آج مردان چیمبر ترقی کی منازل طے کررہاہے اور وہ دن دورنہیں جب مردان چیمبر کا شمار ملک کے کامیاب ترین چیمبروں میں ہوگا۔ظاہر شاہ صدر مردان چیمبر نے کہاکہ ہم اس خطے کی ترقی میں اورمردان کو ملک کے دوسرے ضلعوں کے برابر لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔۔۔