وفاق المدارس کا امتحانی نظام عصری اداروں کے لیے قابل تقلید ہے: مولانا حسین احمد
پشاور(سٹی رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا ایک اہم اجلاس صوبہ خیبر پختون خوا کے ناظم مولانا حسین احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے ضلعی مسؤلین اور ارکانِ مجلس عاملہ نے شرکت کی۔وفاق المدارس کے صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر مفتی سراج الحسن کے مطابق اجلاس سے صوبائی ناظم مولانا حسین احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی ادارہ اس طرح کا پرسکون ، پرامن اور شاندار نظام نہیں دکھا سکتا۔ وفاق المدارس ایک نیٹ ورک ہے ۔جو دینی مدارس کے لیے ایک ڈھال ہے ۔دیگر اسلامی ممالک میں مدارس ہیں مگر وفاق المدارس نہیں ۔یہ امتیازصرف پاکستان کے دینی مدارس کو حاصل ہے کہ وہ ایک مضبوط نیٹ ورک سے وابستہ ہیں اور قرآن وسنت کی ترویج اور تحفظ کے لیے ان کی آواز ایک ہے ۔ وفاق المدارس نے یکساں نظام تعلیم کے ساتھ امیروغریب کا فرق ختم کیا ہے دینی مدارس میں کوئی طبقاتی نظام تعلیم نہیں نہ ہی ہر صوبے کا الگ الگ نصاب ہے۔ یہاں یکسا ں نصاب اور یکساں نظام تعلیم ہے۔کاش ہمارے سرکاری اداروں اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ایسا ہو۔دینی مدارس کے علماء دنیا بھر میں علم کی روشنی پھیلا رہے ہیں جہاں پر حکومت تعلیم کی سہولیات مہیا نہیں کرسکی وہاں وفاق المدارس بچوں اور بچیوں کو تعلیم کی روشنی سے منور کررہے ہیں۔لہذا دینی مدارس کو آزادانہ خدمات کاموقع دیا جائے۔مدارس ہمیشہ نظریہ پاکستان اور ملکی آئین کے مضبوطی کے لیے اپنا کردار نبھاتے چلے آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاق المدارس دینی مدارس کے بقاء اور تحفظ کے لیے اپنا کردار اداکرتا رہے گا۔مفتی کفایت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس امن وسلامتی کی تعلیم دیتے ہیں۔ مدارس خالصتا تعلیمی ادارے ہیں ۔مدارس کی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں ۔ معاشرے میں موجودہ دینی ومذہبی بیداری دینی مدارس کا مرہون منت ہے۔علماء کرام نے ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔