ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کیا جائے،ڈاکٹر عذرا پیچوہو

ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کیا جائے،ڈاکٹر عذرا پیچوہو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صحت اور پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور پروجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے تاخیری حربے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت سعید احمد اعوان، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر مسعود سولنگی، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر ظہور احمد بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر برائے صحت اور پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کے اجرا کے لئے رشوت لینے کی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خیرپور کی شکایت پر سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینٹر خیرپور منظور بگٹی کو شوکاز نوٹس دیا جائے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ہیپٹائٹس کے حتمی ٹیسٹ پی سی آر ہر ضلع میں کرانے کے انتظامات پر زور دیا اور تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو اپنی کارکردگی مذید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ملیریا، ڈینگی اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے فیومیگیشن کی جائے اور لوگوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز سے کہا کہ وہ ہیپٹائٹس کی ڈوز کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اپنے آپ کو درپیش مسائل سے اور گاڑیوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ انہیں ارسال کریں۔ صوبائی وزیر برائے صحت اور پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے افسران کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے تاکہ ان کی کارکردگی بہتر ہو اور حفاظتی ٹیکوں کی کوریج کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ محکمہ صحت میں خالی آسامیوں پر بھی جلد ازجلد تعیناتی کی جائے