پانچ روز گزر گئے والد سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں، مریم نواز
لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم نوازکا کہنا ہے کہ 5 روز گزر گئے نوازشریف سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں، والد سے ملاقات کیلئے پنجاب حکومت کی اجازت کی منتظر ہوں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف سے ملاقات کے لئے پنجاب حکومت کی اجازت کی منتظر ہوں 5 روز گزر گئے لیکن اپنے والد سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے، اور نہ ہی نوازشریف کے ذاتی معالج کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور کوئی طریقہ بھی نہیں کہ میں ان کی خیریت معلوم کر سکوں یا طبیعت کا پوچھ سکوں۔ میں بہت پریشان ہوں کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ خدا نا خواستہ مجھے کچھ ہوا تو وہ کسی سے کچھ نہیں کہیں گے۔ کوئی خبر نہیں ان کی، عوام سے درخواست ہے کہ وہ نوازشریف کودعاوں میں یاد رکھیں،علاوہ ازیں علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہاہے کہ حکومت کی طرف سے نواز شریف سے ان کے خاندان کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں ہے ، مریم نواز اگر نواز شریف سے ملنا چاہتی ہیں تو کل آجائیں ، ان کی ملاقات ان کے والد سے کروادی جائیگی۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی مراعات پر ناگواری کااظہار کرنا وزیراعظم عمران خان کاحق بنتاہے لیکن اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہیں کم ہیں۔ مریم نواز کی اس ٹوئٹ کے حوالے سے سوال پر جس میں ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نواز شریف سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی تو ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے نواز شریف سے ان کے خاندان کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں ہے ، مریم نواز اگر نواز شریف سے ملنا چاہتی ہیں تو کل آجائیں ، ان کی ملاقات ان کے والد سے کروادی جائیگی، حکومت نواز شریف سے جیل کے قواعد و ضوابط سے آگے جاکر سلوک کررہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سارا کچھ دبا بڑھانے کیلئے ہے ، نواز شریف دباو بڑھا کر سپریم کورٹ سے ضمانت لینا چاہتے ہیں، میں نے مریم نواز سے منسوب امریکی ناظم الامور کو لکھا جانیوالا خط شیئر نہیں کیا ، یہ خط ایک معتبر صحافی نے مجھ کو بھیجا تھا اور کہا تھا کہ یہ درست ہے لیکن یونہی مجھے پتہ چلا کہ اس کی تردید ہوگئی ہے تو میں نے مروجہ صحافتی قوانین کے تحت اس کوفوری طور پر ہٹا دیا
، مریم نواز