نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا شہید پاکستانی نعیم رشید کو خراج عقیدت،دہشت گرد ہمیشہ ’’بے نام ‘‘ رہے گا :جیسنڈا آرڈرن
کرائسٹ چرچ (ڈیلی پاکستان آن لائن)نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جینسڈا آرڈرن نے دہشت گرد کو روکنے کی کوشش میں جان دینے والے شہید پاکستانی نعیم رشید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملہ کرنے والے حملہ آور کا نام کبھی نہیں لیں گی، وہ ہمیشہ ’’بےنام ‘‘ ہی رہے گا ۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن سے خطاب کا آغاز اسلام و علیکم سے کیا اور حملہ آور کا نام نہ لیا صرف دہشت گرد، مجرم اور انتہا پسند سے مخاطب کیااور کہا کہ اسے (حملہ آور کو) اس دہشت گردانہ عمل سے بہت سی چیزیں مطلوب تھیں جن میں سے ایک شہرت (بدنامی) بھی تھی، اسی لیے آپ کبھی مجھے اس کا نام لیتے نہیں سنیں گے،وہ دہشت گرد ہے، وہ مجرم ہے،وہ انتہا پسند ہےلیکن میں جب بھی اس بارے میں بات کروں گی وہ ’بے نام‘ ہی رہے گا،میں آپ سے التجا کرتی ہوں کہ ان کا نام لیں جنھوں نے اس واقعے میں جان گنوائی ہے نہ کہ اس کا جس نے اسے انجام دیا ہے۔
جیسنڈا آرڈرن نے دہشت گرد کو بھاگنے پر مجبور کرنے والے افغان شہری عبد العزیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مساجد پر حملہ کرنے والے شخص کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہو گی، حملہ آور کو نیوزی لینڈ کے قانون کی پوری قوت کا سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے تمام شہریوں سے کہا کہ اس جمعے کو مسلمانوں کو پہنچنے والے صدمے کا اعتراف کریں جو کہ مسلمانوں کی عبادت کا اہم دن بھی ہے اور حملے کے بعد کا پہلا ہفتہ بھی۔