اگر آپ پولیس والے بن کرکھڑے ہو جائیں تو کسی کی جرأت ہے کہ وہاں سے گزر جائے ،احتساب عدالت کا خواجہ برادران کی پیشی پر راستوں کی بندش کا نوٹس
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت نے خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر راستوں کی بندش اور لوگوں کو پریشان کرنے کا نوٹس لے لیا،عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر آپ پولیس والے بن کرکھڑے ہو جائیں تو کسی کی جرأت ہے کہ وہاں سے گزر جائے ،بہت ہو گیا اب بس کریں لوگوں کوپریشان کرکے رکھا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیراگون ہاﺅسنگ کیس کی سماعت کی ،نیب کی ٹیم نے جوڈیشل ریمانڈختم ہونے پر خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا،اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، عدالت نے خواجہ برادران کی پیشی پر راستوں کی بندش کا نوٹس لے لیا اور سیکیورٹی انچارج کو کمرہ عدالت میں طلب کرلیا۔عدالت نے کہا کہ سیکیورٹی کے نام پر شہریوں کو کیوں ذلیل کیا جا رہا ہے، فوری طور پر تمام راستے کھول دیئے جائیں ۔
ایس ایچ او اسلام پورہ نے عدالت کو بتایا کہ ایس پی سکیورٹی کے حکم کنٹینر لگائے گئے ہیں ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ پولیس والے بن کرکھڑے ہو جائیں تو کسی کی جرات ہے کہ وہاں سے گزر جائے۔بہت ہو گیا اب بس کریں لوگوں کو پریشان کرکے رکھا ہوا ہے ۔عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسرعدالت میں پیش ہو۔